نئی دہلی، 23جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ریاستی کانگریس کے سکریٹری سرفراز احمد صدیقی نے پرینکا گاندھی واڈرا کو کانگریس کی جنرل سکریٹری اور مشرقی یو پی کی انچارج بنائے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس صدر راہول گاندھی کا یہ فیصلہ جہاں یو پی کانگریس میں نئی جان پھونکے گا وہیں اسے نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کارکنان اور رہنما طویل عرصہ سے پرینکا گاندھی کی کانگریس کی سرگرم سیاست میں شمولیت انتظار کررہے تھے اور ان کی سرگرم سیاست میں نہ آنے کی وجہ سے یو پی میں کانگریس کو نقصان بھی ہورہا تھا لیکن کانگریس کے صدر کے اس فیصلے سے نہ صرف پارٹی میں نئی جان پیدا ہوگی بلکہ اس کا اثر پورے ملک میں کانگریس پارٹی پر پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ پرینکا جہاں نہرو گاندھی خاندان کی چشم و چراغ ہیں وہیں انہوں نے متعدد لوک سبھا انتخابات اپنی سیاسی سوچ، سیاست قیادت اور عام آدمی کو پارٹی سے کیسے جوڑا جاتا ہے اس کا ثبوت پیش کرچکی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محترمہ پرینکا نے امیٹھی اور رائے بریلی میں کانگریس کی سابق صدر سونیا اور موجودہ صدر راہول کے الیکشن لڑواچکی ہیں اور جہاں دونوں کو جیت حاصل ہوئی ہے ۔