پرینکا گاندھی کے تقرر سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار

   

ملک کیلئے گاندھی خاندان کی خدمات ، ملو روی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد ملو روی نے بی جے پی کی جانب سے پرینکا گاندھی پر تنقیدوں کو مسترد کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملو روی نے کہا کہ پرینکا گاندھی کو پارٹی کا جنرل سکریٹری مقرر کرنے سے بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہیں۔ لوک سبھا انتخابات میں شکست کے خوف سے وہ کانگریس کو خاندانی جماعت قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملک کی ترقی کیلئے آزادی کے بعد سے گاندھی خاندان کے علاوہ کس خاندان کی قربانیاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں گاندھی خاندان کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو جو جدید ہندوستان کے معمار تھے، ان کے بعد اندرا گاندھی اور پھر راجیو گاندھی نے ہندوستان کو ہر شعبہ میں ترقی کی راہ پر گامزن کردیا۔ ملو روی نے کہا کہ پرینکا گاندھی کو مشرقی اترپردیش کی ذمہ داری دیئے جانے سے اترپردیش میں کانگریس کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کے اس بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا جس میں انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات ای وی ایم مشینوں کے ذریعہ ہوں گے اور دوبارہ بیالٹ پیپر پر واپسی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ملو روی نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں میں دھاندلیوں کی گنجائش موجود ہے اور ایک سے زائد مرتبہ ماہرین نے ثابت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشینوں میں الٹ پھیر کی گنجائش کے باوجود بیالٹ پیپر سے انکار کرنا افسوسناک ہے۔