پریڈ گراؤنڈ پر 17 ستمبر کو کانگریس کا عظیم الشان جلسہ عام

   

ریونت ریڈی نے گراؤنڈ کا معائنہ کیا، تمام اضلاع سے پانچ لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کی تیاری
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کے انعقاد کے اعلان کے ساتھ ہی صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے اجلاس اور جلسہ عام کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے اور اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری کے ہمراہ ریونت ریڈی نے آج پریڈ گراؤنڈ کا معائنہ کیا اور جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ریونت ریڈی جلسہ عام میں ریاست بھر سے 5 تا 10 لاکھ افراد کی شرکت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں تاکہ اسمبلی انتخابات سے قبل پارٹی کی انتخابی مہم کا طاقت کے مظاہرہ کے ساتھ آغاز ہو۔ بتایا جاتا ہے کہ 17 ستمبر کو پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام میں تلنگانہ کیلئے پارٹی کا انتخابی منشور جاری کیا جائے گا ۔ ورکنگ کمیٹی کے پہلے اجلاس کے نتیجہ میں کانگریس کے ملک کے تمام سرکردہ قائدین تین دن تک حیدرآباد میں قیام کریں گے۔ ریونت ریڈی نے سوشیل میڈیا پر صدر کانگریس ملکارجن کھرگے سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے حیدرآباد میں ورکنگ کمیٹی اجلاس کے انعقاد سے اتفاق کیا ہے ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے سونیا گاندھی ، ملکارجن کھرگے ، راہول گاندھی ، پرینکا گاندھی اور کے سی وینو گوپال سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے ، اس کیلئے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 17 ستمبر تلنگانہ کیلئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور اس دن کانگریس کی بااختیار اور فیصلہ ساز کمیٹی کا حیدرآباد میں اجلاس منعقد کرنا تلنگانہ کے ساتھ کانگریس پارٹی کی وابستگی کا اظہار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حیدرآباد میں اجلاس اور پھر جلسہ عام کے نتیجہ میں کانگریس کارکنوں ، قائدین اور کیڈر میں جوش و خروش میں اضافہ ہوگا۔ ریونت ریڈی نے وعدہ کیا کہ ہر کانگریسی کارکن اور قائد اجلاس اور جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے ایک فوجی کی طرح کام کریں گے ۔ اسی دوران ریونت ریڈی نے پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس اور جلسہ عام کی تیاریوں پر تجاویز حاصل کی۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے لئے کسی موزوں مقام کا انتخاب کیا جائے گا ۔ پریڈ گراؤنڈ پر قومی قائدین کے کٹ آؤٹس اور فلیکسی تیار کئے جائیں گے ۔ ریونت ریڈی نے ریاست کے تمام 33 اضلاع سے عوام کی جلسہ عام میں شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عنقریب اضلاع کے لئے انچارجس کا تقرر کیا جائے گا ۔