پریگوژن : تباہ شدہ طیارہ کے بلیک باکسز مل گئے

   

ماسکو : روس کی خانگی ملیشیا کے ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوژن کے تباہ شدہ طیارہ کے بلیک باکسز اور لاشیں مل گئیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق روسی تفتیش کاروں نے اعلان کیا ہے کہ طیارہ کے 2 بلیک باکسز اور ہلاک ہونے والے 10 افراد کی لاشیں مل گئی ہیں۔ روسی تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثہ کے مقام سے 10 ہلاک افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کی شناخت کیلئے ٹسٹ کیے جا رہے ہیں۔ خبر ایجنسی کے مطابق ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزون چہارشنبہ کو روس میں طیارہ حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ اس سے قبل امریکی محکمہ دفاع پنٹگان نے الزام عائد کیا تھا کہ روس نے ویگنر کے سربراہ کا طیارہ دھماکہ سے گرایا ہے۔ یاد رہے کہ دو روز قبل روس میں طیارہ کے حادثہ میں روسی نجی ملیشیا ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوژن سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ روسی حکام کے مطابق طیارہ ماسکو سے سینٹ پیٹرزبرگ جارہا تھا اور ماسکو کے قریب ہی حادثہ پیش آیا جس میں تمام افراد ہلاک ہوگئے تھے۔