ممبئی: ممبئی پردیش کانگریس کمیٹی میں کل ہند کانگریس کمیٹی کے صدارتی امیدوارپر شدید اختلاف کھل کر سامنے آیا ہے اور اس میں اُس وقت شدت پیدا ہوگئی جب سابق ایم پی اور سنیل دت کی صاحبزادی پریہ دت نے دوسرے امیدوار ششی تھرورسے ملاقات کی اور یہیں سے چہ میگوئیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے کہ پریہ دت گاندھی خاندان سے دور ہوگئی ہے ،دراصل عام طور پر ملکارجن کھر گے کو درپردہ گاندھی فیملی کا امیدوار بتایا جارہا ہے ،حالانکہ کھرگے کے حریف امیدوار ششی تھرور نے ممبئی دورہ پر کہا کہ گاندھی خاندان کا انہیں اور ان کے مخالف ملکارجن کھر گے کو بلاامتیاز آشیرواد مل رہا ہے ۔ ممبئی میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر میں پارٹی کے عہد یداروں سے ملاقات کے بعد انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے ،ششی تھرور نے کہاکہ ان کا مقصد 2024 کے انتخابات سے پہلے کانگریس کو مضبوط بنانا ہے۔