ریونت ریڈی نے احکام تقرر حوالے کئے
حیدرآباد ۔7۔ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پست قد لڑکی سے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے سرکاری ملازمت کا تقرر نامہ حوالے کیا۔ حلف برداری کے فوری بعد ریونت ریڈی نے نامپلی علاقہ سے تعلق رکھنے والی کم قد کی لڑکی رجنی کو چیف سکریٹری کے ذریعہ سرکاری ملازمت کے احکامات حوالے کئے۔ رجنی نے 17 اکتوبر کو گاندھی بھون میں ریونت ریڈی سے ملاقات کی تھی اور بتایا کہ پی جی کی تکمیل کے باوجود ملازمت سے محروم ہیں۔ کم قد ہونے کی وجہ سے خانگی کمپنیوں میں ملازمت نہیں مل رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے رجنی سے وعدہ کیا تھا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر حلف برداری تقریب میں سرکاری ملازمت کے احکامات حوالے کریں گے۔ ریونت ریڈی نے رجنی کی جانب سے کانگریس کا گیارنٹی کارڈ فلپ کرتے ہوئے آج اپنے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔ حلف برداری تقریب میں رجنی اور ان کے افراد خاندان کو بطور خاص مدعو کیا گیا تھا اور انہیں احکامات تقرر حوالے کئے گئے ۔ رجنی کا خاندان مالی مشکلات سے دوچار ہے اور رجنی ملازمت کے ذریعہ اپنے گھر کی کفالت کرنا چاہتی ہے۔ پی جی کی تکمیل کو 11 سال مکمل ہوگئے اور ریونت ریڈی نے انہیں سرکاری ملازمت فراہم کی ہے جس پر رجنی اور اس کے افراد خاندان نے ریونت ریڈی سے اظہار تشکر کیا۔