15 ستمبر کو کاما ریڈی جلسہ عام میں دو لاکھ افراد کی شرکت، ریاستی وزیر سرینواس ریڈی نے دیگر وزراء کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ طبقاتی سروے کے ذریعہ تلنگانہ ریاست ملک کے لئے روڈ ماڈل بن چکی ہے ۔ حکومت نے مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرتے ہوئے ملک میں مثال قائم کی۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے 15 ستمبر کو کاما ریڈی میں منعقد ہونے والے جلسہ عام کے انتظامات کا ریاستی وزراء کے ساتھ جائزہ لیا ۔ بی سی ڈکلیریشن کی کامیابی کے طو پر کاما ریڈی میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں تقریباً دو لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا ، وزیر جنگلات کونڈا سریکھا ، وزیر اینمل ہسبنڈری وی سری ہری ، وزیر لیبر جی ویویک وینکٹ سوامی ، چیف منسٹر کے مشیر وی نریندر ریڈی ، رکن اسمبلی مدن موہن راؤ اور دوسروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ پسماندہ اور کمزور طبقات کی بھلائی کو ترجیح دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ، روزگار اور مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی میں نریندر مودی حکومت رکاوٹ بن رہی ہے ۔ اسمبلی میں منظورہ بلز گزشتہ پانچ ماہ سے صدر جمہوریہ کے پاس زیر التواء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے الیکشن سے قبل کاما ریڈی میں بی سی ڈکلیریشن جاری کیا تھا جس کے مطابق اسمبلی میں دو مرتبہ بلز کو منظوری دی گئی ۔ سرینواس ریڈی نے کہا اکہ جلسہ عام کی کامیابی کیلئے وزراء کو مختلف اسمبلی حلقہ جات کا انچارج مقرر کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ جلسہ عام کی کامیابی کے لئے وقتاً فوقتاً ہدایات جاری کر رہے ہیں ۔ نظام آباد ، کاما ریڈی ، کریم نگر اور میدک اضلاع سے تعلق رکھنے والے وزراء اور عوامی نمائندے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے متحرک ہوچکے ہیں۔ 1