اسمبلی کی بی سی کمیٹی کا اجلاس، اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔3۔ڈسمبر (سیاست نیوز) قانون ساز اسمبلی کی پسماندہ طبقات کمیٹی کا اجلاس آج منعقد ہوا ۔ کمیٹی کے صدرنشین وائی انجیا کی صدارت میں منعقدہ ایوان کی کمیٹی کے اجلاس میں اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کی کمیٹی پسماندہ طبقات سے متعلق مسائل کی یکسوئی میں اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔ سابق میں عوامی نمائندے صرف انتخابات کے وقت ہی عوام کو دکھائی دیتے تھے لیکن آج کل عوام کے درمیان رہ کر ان کی یکسوئی میں منتخب نمائندے اہم رول ادا کر رہے ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ آبادی میں پسماندہ طبقات 51 فیصد ہیں اور حکومت کی اسکیمات میں انہیں مناسب حصہ داری ملنی چاہئے ۔ حکومت نے جاریہ سال بی سی طبقات کی ترقی کیلئے بجٹ میں 3367 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم پسماندہ طبقات کی بہبود پر مکمل خرچ کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بی سی طبقات کیلئے سبسیڈی کی اسکیم متعارف کی ہے۔ 50,000 روپئے تک بینک سیکوریٹی کے بغیر مالی مدد کی جارہی ہے۔ ایک لاکھ روپئے تک کی رقم حکومت 80 فیصد سبسیڈی فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے ایوان کی کمیٹی پر زور دیا کہ وہ اسکیمات پر موثر عمل آوری کا جائزہ لیں تاکہ اسکیمات کے فوائد گاؤں کی سطح پر حقیقی مستحقین تک پہنچ جائیں۔ ہر اسمبلی حلقہ میں بی سی طبقہ کے لئے دو اقامتی اسکول قائم کئے گئے ہیں۔ ریاست میں جملہ 1195 اقامتی اسکولس قائم ہیں جن میں 7.80 لاکھ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ کمیٹی کے ارکان کے وینکٹیش ، باجی ریڈی گوردھن ، ایم گوپال ، پوچم پلی سرینواس ریڈی ، کے چندر ، ممتاز احمد خاں ، اے ملیش اور عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔