سٹیزن فورم کے وفد کو نیوز ایڈیٹر سیاست عامر علی خاں کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : سٹیزن فورم کے ایک وفد نے آج دفتر سیاست پہونچ کر نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں سے ملاقات کی ، اس وفد کی قیادت جناب سید محسن احمد نے کی ۔ اس موقع پر وفد کے ذمہ داران و اراکین نے فورم کے اغراض و مقاصد سے نیوز ایڈیٹر عامر علی خاں کو واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ فورم نہ تو سماجی ادارہ ہے اور نہ ہی غیر سرکاری ادارہ ہے ہے اور نہ سیاسی اغراض کا حامل ہے ۔ بلکہ یہ ایک سماجی جدوجہد ہے ۔ مگر سٹیزن فورم کی جانب سے ریاست بھر میں سماجی ، معاشی ، انتظامی اور سیاسی انقلاب لایا جائے گا اور اس معاملہ میں بالکل ہی کوئی سیاسی مفاد نہیں ہے اور اس فورم کی نگرانی ڈائرکٹر جنرل آف جیلس مسٹر وی کے سنگھ آئی پی ایس کررہے ہیں اور اس پلیٹ فارم سے تمام مذاہب ، ذاتوں اور علاقوں کے عوام کو یکجا کرتے ہوئے خدمات انجام دی جائیں گی کیوں کہ اصل میں جمہوریت وہی ہے جس میں سیاسی اقتدار ، معاشی مواقع اور سماجی آزادی میں عوام کو حصہ دار بنایا جائے ۔ علاوہ ازیں فورم کے مقاصد میں غیر متنازعہ قریہ جات کی تشکیل یعنی قریہ جات میں درپیش تنازعات کو آپسی صلاح و مشورے سے حل کرنا ، صد فیصد سماج میں تعلیم کو عام کرنا ، قریہ جات کے بچوں اور بچیوں کو تعلیمی اداروں میں داخل کرانا ، سوچھ ابھیان اور ہریتا ہارم پروگرامس کے ذریعہ قریہ جات میں صحت مند ماحول اور انہیں ریسارٹ میں تبدیل کرنا ہے اور مزید ذات پات ، مذہب اور زبان کے علاوہ دولت و سیاسی بل بوتے کے بجائے دستور ہند اور سیکولرازم کو مضبوط کرنے اور امیدوار کی قابلیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ووٹ دینے کے لیے شعور بیدار کیا جائے گا ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست نے وفد کو بغور سماعت کرنے کے بعد مشورہ دیا کہ سٹیزن فورم خصوصا سلم علاقوں میں اپنی خدمات کو وسعت دے اور اس معاملہ میں درکار ہر ممکن اقدام کو روزنامہ سیاست کی جانب سے یقینی بنایا جائے گا ۔ اس وفد میں ذمہ داران و اراکین سید محسن احمد ، ونود کمار فورم کے عابڈس زون انچارج ، شیلم سرسوتی ، محمد عزیز ، نامپلی ، سید لئیق الدین ساوتھ زون ، ساجدہ خاں سنٹرل زون انچارج اور دیگر شامل رہے ۔۔