کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف کا دورہ، ترقی اور روزگار کا تیقن
حیدرآباد ۔20۔نومبر (سیاست نیوز) شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی انتخابی مہم شدت اختیار کرچکی ہے۔ حلقہ اسمبلی چارمینار جہاں مجلس کو یقین ہوچکا تھا کہ مقابلہ سخت نہیں ہوگا لیکن کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف کے حق میں عوامی تائید نے مجلسی قیادت کے ہوش اڑادیئے ہیں۔ کانگریس امیدوار جہاں کہیں پیدل دورہ پر نکل رہے ہیں، مقامی افراد ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے تبدیلی کے حق میں ووٹ دینے کا وعدہ کر رہے ہیں۔ مجیب اللہ شریف نے آج سلطان شاہی اور مغلپورہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد وہ پسماندہ علاقوں کی ترقی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دیں گے۔ انہوں نے کانگریس برسر اقتدار آنے پر 6 ضمانتوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ سونیا گاندھی نے جن ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے، ان پر بہر صورت عمل کیا جائے گا جس کے نتیجہ میں غریب اقلیتی خاندان بھی اسکیمات سے استفادہ کرپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب خاتون کو ماہانہ 2500 روپئے کی امداد دی جائے گی اور مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور خانگی دواخانوں میں غریبوںکو 10 لاکھ روپئے تک کا علاج مفت رہے گا جس کیلئے خصوصی کارڈ جاری کئے جائیں گے ۔ مجیب اللہ شریف کے دورہ کے موقع پر عوام کا کہنا تھا کہ چارمینار اسمبلی حلقہ کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا ہے۔ اس علاقہ میں جب کبھی رائے دہی کا وقت آیا مجلس کے امیدوار اور ان کے صدر گھر گھر پہنچ کر ووٹ کی درخواست کرتے ہیں لیکن نتیجہ کے بعد پانچ سال تک علاقہ میں کوئی دکھائی نہیں دیتا۔ انتخابی مہم میں ہر شخص سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کی جاتی ہے لیکن نتیجہ کے بعد غریبوں کا سلام بھی قبول نہیں کیا جاتا۔ مجیب اللہ شریف نے عوام سے اپیل کی کہ ترقی ، فلاح و بہبود اور روزگار کیلئے کانگریس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔