پشاور : پشاور میں سکھ اکثریتی علاقہ جوگن شاہ میں آج فضا سوگوار ہے۔ ہر آنکھ اشک بار ہے،گزشتہ روز سہہ پہر کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے دیال سنگھ کی میت کو آخری رسومات کے لئے اٹک روانہ کیا جارہا ہے۔ جمعہ 31 مارچ کو دن کے قریب ساڑھے تین بجے دیر کالونی پشاور کے علاقہ میں دیال سنگھ کو ان کے جنرل سٹور کے اندر قتل کردیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشن خیبر پختونخوا ہارون رشید کے مطابق، ”نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جو واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے… جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔‘‘ ہارون رشید کا مزید کہنا تھا، ”نامعلوم شرپسندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ وصولی کے امکانات پر تفتیش کی جائے گی مگر قتل میں ذاتی دشمنی کا عنصر بھی خارج از امکان نہیں ہے۔‘‘