نوشہرہ: صوبہ خیبر پختونخوا کی صوابی سے تعلق رکھنے والی پشتو شوبز کی اداکارہ خوشبو کو نوشہرہ کے علاقے اکبر پورہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔نوشہرہ پولیس کے مطابق خوشبو کی نعش پیر کو کھیتوں سے ملی ہے جس کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ہے۔اداکارہ کے بھائی کی مدعیت میں دو ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مدعی نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا ہے کہ ملزمین کی جانب سے اداکارہ خوشبو کو شوبز میں کام کرنے سے منع کیا جاتا تھا، اور ان کی بات نہ ماننے پر قتل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق نامزد ملزمین کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ قتل کی تفتیش ہر زاویہ سے کی جارہی ہے۔