پٹنہ ۔پشپا2 اس سال کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں سرفہرست ہے اور شاید یہ فلمی دنیا کی بہت بڑی فلم بھی ثابت ہونے والی ہے ۔ ساؤتھ انڈسٹری کی فلم ہونے کے باوجود ہندی سنیما کے ناظرین اس فلم کو دیکھنے کے لیے بے حد منتظر ہیں۔ جنوبی ہند کے سوپر اسٹار اللو ارجن کی یہ فلم 5 دسمبرکو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ فلم پشپا کے بنانے والوں نے ہندی پٹی کے لیے کچھ خاص منصوبہ بھی بنایا ہے، دراصل اس فلم کا ٹریلرکہیں اور نہیں بلکہ بہارکے شہرپٹنہ میں ریلیزکیا جائے گا۔ فلم پشپا: دی رول کے آسکر ایوارڈ یافتہ ساؤنڈ ریکارڈسٹ ریسول پوکوٹی نے زوم پر بات کی، جس میں ان سے ٹریلر لانچ کے لیے بہارکو منتخب کرنے کی وجہ پوچھی گئی۔ اس سوال پر انہوں نے کہا کہ پشپاکی پوری ٹیم اس شہر میں ٹریلر لانچ کرنا چاہتی ہے جہاں عوام عام شائقین کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اداکار شتروگھن سنہا نے بھی پشپا کی ٹیم کے پٹنہ کو منتخب کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اداکار اس کے ذریعے بہارکے لوگوں سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں۔ شتروگھن سنہا بہارکے رہنے والے ہیں، انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی سنیما کے لوگ بہارکو سنجیدگی سے لے رہے ہیں جو کہ بہت خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہمارے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ پشپا جیسی بڑی فلم نے بہارکے شہر پٹنہ میں اپنا ٹریلر لانچ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بہار میں مہمانوں کا شاندار استقبال کیا جاتا ہے، ہم سب اللو ارجن کا تہہ دل سے استقبال کرتے ہیں۔یادرہے کہ پشپا فلم کا پہلا حصہ ہندوستانی فلم دنیا کی ایک کامیاب ترین فلم بنی ہے جس کے بعد اس کے دوسرے حصے کا بے صبری سے انتظار کیا جارہا ہے ۔امید کی جارہی ہے یہ پہلی فلم سے بھی زیادہ کامیاب ہوگی۔