حیدرآباد ۔ اللو ارجن اور رشمیکا مندنا کی فلم پشپا2 کا انتظار شائقین کے لیے مزید بڑھ سکتا ہے۔ دراصل فلم کی ریلیزکی تاریخ 15 اگست رکھی گئی ہے لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ فلم اس دن سینما گھروں کی زینت بنے گی یا نہیں ،کیونکہ فلم کے ایڈیٹر اینٹونی روبن نے فلم کی ریلیز سے 3 ماہ قبل خودکو دورکرلیا ہے۔ انہوں نے اپنے مصروف شیڈول کے باعث فلم چھوڑ دی ہے۔ تاہم فلمساز نے کہا ہے کہ اس سے فلم کی ریلیز پرکوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انٹونی روبن نے پشپا: دی رائزکو ایڈٹ کیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے شاہ رخ خان کی فلم جوان جیسی بلاک بسٹر فلموں کو بھی ایڈٹ کیا ہے لیکن اب کہا جا رہا ہے کہ انٹونی نے اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے فلم چھوڑ دی ہے۔ فی الحال وہ ایٹلی اور ورون دھون کی فلم بے بی جان کے لیے کام کررہے ہیں۔ وہ صرف اس فلم کی ایڈیٹنگ نہیں کر رہے ہیں۔ درحقیقت وہ اس کے اسوسی ایٹ پروڈیوسر بھی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک اور فلم کے لیے ارادہ ظاہرکیا ہے۔ اس کی وجہ سے وہ پشپا 2 کے لیے وقت نہیں نکال پائیں گے۔ اب انٹونی کے فلم چھوڑنے کے بعد، اللو ارجن اور سوکمار ایڈیٹر نوین نولی سے بات کر رہے ہیں، جنہوں نے فلم کی ایڈیٹنگ کے لیے نیشنل ایوارڈ جیتا تھا۔