پشپا2 نے کالکی، باہوبلی 2 اور کے جی ایف کا ریکارڈ توڑدیا

   

حیدرآباد ۔ اللو ارجن کی پشپا2 کا جنون جنگل کی آگ کی طرح بڑھتا جا رہا ہے۔ تین سال پہلے اللو ارجن نے خود کوآگ کہا تھا لیکن اس بار وہ وائلڈ فائر( جنگل کی آگ) کے طور پر واپس آرہے ہیں۔ فلم کی ریلیز میں ابھی دو دن باقی ہیں۔ فلم کی ایڈوانس بکنگ اب سے زوروں پر جاری ہے۔ دریں اثنا، پشپا2 نے ٹکٹوں کی فروخت کے معاملے میں باہوبلی، کے جی ایف 2 اور آر آر آر جیسی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ منگل کی دوپہر تقریباً 2 بجے تک، پشپا 2 نے گھریلو باکس آفس پر ایڈوانس بکنگ سے 37.59 کروڑ روپے کمائے تھے۔ غور طلب بات یہ ہے کہ یہ اعداد و شمار صرف بکنگ کے پہلے دن کے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اس عرصے کے دوران 22 ہزار 215 شوزکے لیے فلم کے 12 لاکھ 12 ہزار568 ٹکٹس بک کروائے گئے ہیں۔ فلم کا جنون سب سے زیادہ تیلگو میں دیکھا جا رہا ہے۔ فلم کے لیے یہاں 18کروڑ روپے سے زیادہ کے ٹکٹ بک کیے گئے ہیں۔ ہندی ورژن کے لیے 12 کروڑ روپے سے زیادہ کے ٹکٹ فروخت ہوئے ہیں۔ بک مائی شو پر پشپا 2کے 10 لاکھ سے زیادہ ٹکٹ بک ہو چکے ہیں۔ فلم نے یہ سنگ میل تیز رفتاری سے حاصل کیا ہے۔ اس نے 10 لاکھ ٹکٹوں کی تیز ترین بکنگ کے معاملے میں کالکی ، باہوبلی 2، کے جی ایف چیپٹر 2 کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بک مائی شوکے سی او او آشیش سکسینہ نے ایک بیان میں یہ بات اورکہا ہے کہ پشپا 2 کے ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ کی رفتارکو دیکھ کر امید کی جا رہی ہے کہ یہ ایس ایس راجامولی کی فلم آر آر آر کو پیچھے چھوڑ دے گی۔ آر آر آر ملک کی پہلی فلم ہے، جس نے ایڈوانس بکنگ میں 58.73 کروڑ روپے کا ہندسہ چھوا۔ آر آر آر واحد ہندوستانی فلم ہے جس نے پہلے دن سب سے زیادہ (223 کروڑ) کمانے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔