ممبئی : پشپا فرنچائز جس میں اللو ارجن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور سکمارکی ہدایتکاری میں بنائی گئی فلموں نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ پشپا: دی رائز اور پشپا: دی رول کو ملک بھر میں بے حد پذیرائی ملی۔ اب مداحوں کو اس مقبول سیریزکے تیسرے حصے کے بارے میں ایک باضابطہ خبر موصول ہوئی ہے۔ فلم رابن ہوڈ کی تشہیری تقریب کے دوران، میتری مووی میکرزکے پروڈیوسر روی یلامنچلی نے تصدیق کی کہ پشپا 3 ضرور بنے گی اور اس کی ریلیز 2028 میں متوقع ہے۔ انہوں نے کہا ہاں، پشپا 3 بنے گی اور ہمارا ہدف ہے کہ اسے 2028 میں ریلیزکریں۔دوسری جانب ہدایتکار سکمار اور اللو ارجن اس وقت دیگر منصوبوں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ سکمار رام چرن کے ساتھ ایک فلم کی ہدایتکاری کریں گے، جبکہ اللو ارجن مختلف ہدایتکاروں، بشمول ایٹلی اور ترویکرم سرینواس کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں۔ اللو ارجن کی اگلی فلم کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، اس لیے یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا وہ پشپا فرنچائز میں واپسی سے پہلے دو دیگر فلمیں مکمل کریں گے یا نہیں۔ مداح بے صبری سے ان بڑے منصوبوں سے متعلق مزید اپڈیٹس کا انتظار کر رہے ہیں۔