2 ہزار افراد کی زندگی بچائی جاسکتی ہے، پلازما تھراپی کی حوصلہ افزائی کا مطالبہ
حیدرآباد۔ پریش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے اعلان کیا کہ وہ پلازما ڈونرس اسوسی ایشن قائم کرتے ہوئے کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کو پلازما کا عطیہ دینے کی ترغیب دیں گے تاکہ متاثرہ مریضوں کی زندگی بچائی جاسکے۔ نارائن ریڈی جو حال ہی میں کورونا سے صحتیاب ہوئے ہیں، کہا کہ مجوزہ اسوسی ایشن ان تمام افراد سے ربط قائم کرے گی جو کورونا سے صحتیاب ہوئے ہیں اور پلازما عطیہ دینے دینے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پلازما کا عطیہ دیتے ہوئے دوسرے مریضوں کی زندگی بچانے کے سلسلہ میں شعور بیدار کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال 7294 افراد ریاست میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔ اگر ان میں سے 50 فیصد بھی اپنا پلازما عطیہ دیتے ہیں تو 2 ہزار افراد کی زندگی بچائی جاسکتی ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ پلازما تھراپی کے مثبت نتائج منظر عام پر آئے ہیں اور ہندوستان میں اب تک جن پر یہ تجربہ کیا گیا وہ صحتیاب ہوئے ہیں۔ لہٰذا پلازما تھیراپی کو فروغ دیا جانا چاہئے۔ دہلی حکومت نے پلازما بینک قائم کیا ہے جہاں کوئی بھی صحتیاب شخص ڈاکٹر کی سفارش کے ساتھ پلازما کا عطیہ دے سکتا ہے۔ مہاراشٹرا حکومت نے بڑے پیمانے پر پلازما تھراپی کا تجربہ شروع کیا ہے جس میں 500 کورونا کے سنگین مریضوں کی تھراپی کی جائے گی۔ تلنگانہ میں ہزاروں ایسے افراد ہیں جو کورونا سے صحتیاب ہوئے اور وہ پلازما ڈونیٹ کرنے تیار ہیں۔ تاہم میکانزم کی کمی کے باعث وہ دوسروں کی مدد سے قاصر ہیں۔ مجوزہ پلازما ڈونرس اسوسی ایشن عطیہ دینے کے لیے تیار افراد کو عہدیداروں سے رجوع کرے گی۔ نارائن ریڈی نے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں دوبارہ لاک ڈائون کی تجویز کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون مسئلہ کا حل نہیں ہے بلکہ یہ غریب اور متوسط طبقات کے لیے معاشی پریشانی کا سبب بنے گا۔