عطیہ دہندگان کی ستائش، کمشنر پولیس سائبرآباد کا میڈیا سے خطاب
حیدرآباد۔ موجودہ دو میں پلازمہ کا عطیہ دینا ایک عظیم کار خیر ہے اور پلازمہ کے عطیہ دہندگان انسانوں کی زندگی بچانے کا ایک سبب بن رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس سائبرآباد پولیس مسٹر وی سی سجنار نے کیا جو آج یہاں میڈیا سے مخاطب تھے۔ انہوں نے پلازمہ کا عطیہ دینے والوں کی خدمات کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بہترین سماجی خدمت ہے جس کا کوئی بدل نہیں چونکہ موجودہ حالات میں انسانی ہمدردی کا جذبہ رکھتے ہوئے پلازمہ کا عطیہ دینا انسانیت کی خدمت کے مماثل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبرآباد پولیس نے سوسائٹی فار سائبرآباد سیکورٹی کونسل کے اشتراک سے اس عظیم کار خیر کا آغاز کیا اور عوام ایک کے بعد دیگر اس سے جڑتے جارہے ہیں بلکہ سائبرآباد پولیس کا یہ اقدام ملک بھر کے لئے مشعل راہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 16 افراد نے اپنے پلازمہ کا عطیہ دیا اور تاحال 229 افراد نے پلازمہ کا عطیہ دیتے ہوئے390 افراد کی جان بچانے کا سبب بنے ہیں۔ یہ افراد جن کا عطیہ دیئے گئے پلازمہ سے علاج کیا گیا وہ بہت ہی زیادہ نازک حالت میں تھے۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ایک پلازمہ عطیہ دہندہ کے سبب تین افراد کی جان بچنے کا ذریعہ بنتا ہے۔ آر پی سی پلازمہ کے علاوہ پلیٹ لیٹس سے علاج میں مدد ملتی ہے اور جن افراد کا پلازمہ سے علاج کیا گیا وہ مکمل صحت یاب ہوئے ہیں اور پلازمہ سے 72 گھنٹے میں مریض صحت یاب ہوتا ہے۔ سائبر آباد پولیس نے تاحال ایک ہزار افراد کا ڈاٹا حاصل کیا ہے جو پلازمہ کا عطیہ دینا چاہتے ہیں۔ کمشنر پولیس نے پلازمہ کا عطیہ دینے کیلئے عوام کو آگے آنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ خواہشمند افراد 9000257038 اور 9490617440 اور http://donateplasma.scsc.in/ پر اپنا نام رجسٹرڈ کروائیں۔