جی ایچ ایم سی نے منظوری کیلئے حکومت کو مکتو ب روانہ کیا
حیدرآباد۔ 4 نومبر ( سیاست نیوز ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے پلاسٹک پر امتناع کیلئے شہری سطح پر ٹاسک فورس قائم کرنے کی اجازت طلب کی ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی اس ٹاسک فورس کے صدر نشین ہونگے اور اس میں جی ایچ ایم سی کے انفورسمنٹ ویجیلنس و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ڈائرکٹوریٹ کے عہدیدار شامل رہیں گے ۔ جی ایچ ایم سی زونل کمشنرس ‘ اڈیشنل کمشنرس ‘ محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیدار اور تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ ‘ ضلع کلکٹوریٹ اور دیگر محکمہ جات اس کا حصہ رہیں گے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کی جانب سے پلاسٹک پر امتناع کے احکام کے بعد اس کیلئے مخصوص فورس تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ جو مسودہ جی ایچ ایم سی نے تیار کیا ہے اس کے مطابق Carrying bags اور ایک مرتبہ استعمال والی پلاسٹک اگر 75 مائیکرونس سے کم ہو تو اس پر امتناع عائد کیا جانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ یکم جولائی 2022 سے Carrying bags اور ایک مرتبہ کے استعمال کی پلاسٹک کی تھیلیاںاگر 120 مائیکرونس سے کم ہوں تو ان پر بھی امتناع عائد کیا جانا چاہئے ۔ فی الحال جی ایچ ایم سی حدود میں 50 مائیکرونس سے کم موٹائی والی پلاسٹک تھیلیوں کے استعمال پر پابندی عائد ہے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے فیصلے کے بعد بلدیہ کی جانب سے کئی اقدامات کا منصوبہ ہے ۔ ماحولیاتی تحفظ کے مقصد سے اس طرح کے اقدامات کو تیزی سے روبعمل لانے کا ارادہ ہے جس کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دینے کی تجویز حکومت کو روانہ کی گئی ہے جس کی منظوری کا انتظار ہے ۔