پلاسٹک کی بوتل جمع کروائے اور پیسے کمائے ‘ بلدیہ کا نیا منصوبہ

   

حیدرآباد20اگسٹ(سیاست نیوز) مستعملہ پلاسٹک بوتلیں جمع کروانے پر اب بلدیہ حیدرآباد سے پیسے دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔جی ایچ ایم سی ذرائع کے مطابق کارپوریشن نے فیصلہ کیا کہ عوام میں کچرے کو پھینکنے بالخصوص پلاسٹک بوتلوں کو تلف کرنے کے طریقہ کار سے واقف کروانے اور ان میں شعور اجاگر کرنے شہر کے مختلف علاقوں میں ریورس وینڈنگ مشینوں کی تنصیب کی جائے ۔بتایا جاتا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں زیر استعمال ان مشینوں کو شاپنگ مالس کے علاوہ بازاروں میں نصب کیا جائے گا جہاں راہگیر پانی کی استعمال شدہ بوتل ڈال کر اپنے ای۔ویلیٹ میں پیسے حاصل کرسکتے ہیں جو بعد میں دیگر کھاتوں میں بھی منتقل کئے جاسکتے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ بلدیہ کے منصوبہ کے مطابق ان مشینوں کے ساتھ عوام میں پلاسٹک کے کچرے میں ڈالنے کے نقصانات پر شعور اجاگر کیا جائیگا اور ان مشینوں کے استعمال کی ترغیب کی جائے گی ۔ مشین میں بوتل ڈالنے پر وزن کے مطابق مشین ری سائیکل میں حصہ لینے والے کو قیمت ادا کرے گی جو کہ موبائیل ای۔ویلیٹ میں جمع ہوجائیں گے۔ حکام نے بتایا کہ ریورس وینڈنگ مشین وہاں نصب کرنے کا منصوبہ ہے جہاں عوامی چہل پہل زیادہ ہو اور علاوہ پلاسٹک کا استعمال بالخصوص پانی کی بوتلوں‘ کولڈ ڈرنک کی بوتلوں کے علاوہ پلاسٹک گلاس کا استعمال کیا جاتا ہے۔ ماہرین کی رپورٹ میں کہا گیا کہ مشینوں کی تنصیب سے کئی ممالک میں کچرے کو ری سائیکل کرنے میں حصہ لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور عوام میں بھی صفائی کو بہتر بنانے کا شعور پیدا ہوا ہے اسی لئے اگر ان مشینوں کا حیدرآباد میں استعمال کیا جاتا ہے تو پلاسٹک کو کچرے میں ڈالنے کا سلسلہ ترک ہوگا ۔