پنّا، 12 اپریل (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے پنّا ضلع میں ایک ڈاکٹر نے پلاسٹک کی خالی بوتلوں سے فیس کور تیار کیا ہے ، جو کورونا انفیکشن سے بچاؤ کے لئے کارگر ثابت ہو رہا ہے ۔پنا ضلع کے قریبی اضلاع میں کوروناوائرس کے انفیکشن کی خبریں ملنے پر ممکنہ خطرے کے پیش نظر دیویندر نگر کے ڈاکٹر ابھیشیک جین کافی فکر مند تھے ۔ اس کی خاص وجہ یہ تھی کہ انہیں اور صحت ملازمین کو ضروری بچاؤ کی مصنوعات اور آلات کی عدم دستیابی کے باوجود مریضوں کے درمیان ڈیوٹی کرنی پڑتی ہے ۔ لیکن اس چیلنج سے گھبرانے کے بجائے انہوں نے کوروناکے انفیکشن سے بچنے کا ایک بے حد آسان اور ہموار راستہ تلاش کیا۔انہوں نے ٹھنڈے مشروبات میں استعمال ہونے والی پلاسٹک کی بوتلوں کو خالی کرکے جگاڑ ٹیکنالوجی سے فیس کور تیار کیا۔ فیس کوور کورونابیماری سے دفاع کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے ۔ ضلع کے دیویندرنگر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں بلاک میڈیکل آفیسر کے عہدے پر فائز ڈاکٹر ابھیشیک جین کا کہنا ہے کہ کورونابحران آج عالمی مسئلہ ہے ، جس کا سامنا ہم سب کو مل کر کرنا ہے ۔