کولمبو ۔ ہاتھی کے پاؤں میں سب کا پاؤں والا محاورہ تو آپ نے سنا ہوگا۔ اور اگر اس کی توضیح کی جائے تو یہ جان کر آسودگی محسوس ہوتی ہے کہ کوئی طاقتور ہو تو ذمہ داری اس پر ڈالی جا سکتی ہے۔ مگر خود ہاتھی ہی اگر خطرے میں ہو تو عافیت مشکل ہو جاتی ہے۔ سری لنکا میں ہاتھیوں کے ساتھ کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے۔ ماحولیات اور مویشیوں کے علاج کے ماہر خبردار کر رہے ہیں کہ سری لنکا میں کوڑا کرکٹ دبانے کی ایک وسیع تنصیب میں پایا جانے والا پلاسٹک ہاتھیوں کی موت کا سبب بن رہا ہے اور ہفتہ کے آخری دنوں میں دو مزید ہاتھی مردہ پائے گئے۔ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے 210 کلومیٹر مشرق میں واقع آمپارہ ضلع کے ایک گاؤں پالاکاڈو میں گزشتہ آٹھ برسوں میں لگ بھگ 20 ہاتھی کوڑے میں شامل پلاسٹک کھانے سے ہلاک ہو چکے ہیں۔