حیدرآباد 9 اپریل (سیاست نیوز) پلاسٹک بیاگس کے استعمال کو کم کرنے اور اس کے زیادہ استعمال کے باعث ہونے والے مسائل کو حل کرنے اور کلاتھ بیاگس کے استعمال کو بڑھاوا دینے کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) نے اپنی نوعیت کے پہلے اقدام میں آئی ڈی پی ایل فروٹ مارکٹ میں اینی ٹائم بیاگ (اے ٹی بی) مشین کا آغاز کیا ہے۔ لوگ اے ٹی بی سے راست طور پر کلاتھ بیاگس خرید سکتے ہیں۔ اس وینڈنگ مشین میں 500 کلاتھ بیاگس رکھے جاسکتے ہیں اور ہر بیاگ پانچ کیلو گرام وزنی سامان سنبھال سکتا ہے۔ اسے 10 روپئے کا سکہ یا نوٹ ڈالتے ہوئے یا یو پی آئی کے ذریعہ رقم ادا کرتے ہوئے وینڈنگ مشین سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ جی ایچ ایم سی کوکٹ پلی زونل کمشنر وی ممتا نے کہاکہ اے ٹی بی شمسی توانائی سے چل رہا ہے۔ کارپوریشن نے کلاتھ بیاگس کی تیاری کے لئے ویمن سیلف ہیلپ گروپس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے اور انھیں بیاگس کی سلائی کے لئے درکار میٹریل فراہم کیا جائے گا۔