پلانی سوامی عبوری جنرل سکریٹری منتخب

   

چینائی۔ تمل ناڈو کی اہم اپوزیشن اے آئی اے ڈی ایم کے نے پیرکو ایڈاپڈی کے پلانی سوامی (ای پی ایس) کو اپنا عبوری جنرل سکریٹری منتخب کیا اور انہیں تنظیم چلانے کا اختیار دیا۔یہاں منعقدہ ایگزیکٹیو کمیٹی اور جنرل کونسل کے اجلاس میں اے آئی اے ڈی ایم کے نے کوآرڈینیٹر اور جوائنٹ کوآرڈینیٹر کے عہدہ کو ختم کرنے کی قرارداد منظور کی۔ یہ دونوں عہدے بالترتیب او پنیرسیلوم اور پلانی سوامی کے پاس تھے۔پارٹی اجلاس میں جنرل سیکرٹری کے باضابطہ انتخاب کے لیے چار ماہ میں تنظیمی انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس نے کئی قواعد میں ترمیم بھی کی، جس میں کچھ نئے قواعد اور پارٹی کے اعلیٰ جنرل سکریٹری کے انتخاب میں حصہ لینے کی پیشگی اجازت شامل ہے۔اجلاس میں مجموعی طور پر16 تجاویز منظورکی گئیں۔ پنیرسیلوم پارٹی کے خزانچی ہیں لیکن سابق وزیر اور پارٹی کے سینئر لیڈر سی وجیاباسکر نے پارٹی کے مالیات سے متعلق تفصیلات پیش کیں، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ پنیر سیلوم کو جلد ہی برطرف کیا جا سکتا ہے۔