چینائی ۔ آل انڈیا انا ڈی ایم کے کے لیڈر کے پلانی سوامی کو آج اتفاق رائے سے مقننہ پارٹی لیڈر منتخب کرلیا گیا ہے ۔ اس سے قبل پارٹی ارکان اسمبلی کا تین گھنٹے طویل اجلاس منعقد ہوا جس میں پلانی سوامی کے انتخاب پر اتفاق رائے ہوا ۔ اس طرح پلانی سوامی اب ٹاملناڈ میں قائد اپوزیشن کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ تین دن میں دوسری مرتبہ ہونے والے اس اجلاس میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس کو قائد اپوزیشن ہونا چاہئے ۔ ایک گروپ پلانی سوامی کا حامی تھا تو ایک گروپ او پنیرا سیلوم کو یہ ذمہ داری دینے کی وکالت کر رہا تھا ۔ تاہم پارٹی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کردیا کہ پلانیس وامی قائد اپوزیشن کی ذمہ داری سنبھالیں گے اور ان کا انتخاب اتفاق رائے سے ہوا ہے ۔ بعد ازاں پارٹی قائدین نے ٹاملناڈو اسمبلی سکریٹری کے سرینواسن سے ملاقات کرتے ہوئے پلانی سوامی کے انتخاب کا مکتوب ان کے حوالے کیا ۔ 7 مئی کو بھی انا ڈی ایم کے کے نو منتخب ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا تھا تاہم اس میں اتفاق رائے سے انتخاب نہیں ہوسکا تھا ۔