سری نگر7جون (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنجرن لاسی پورہ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو ہونے والے ایک تصادم میں ‘جیش محمد’ سے وابستہ چار جنگجو مارے گئے ۔مہلوک جنگجوئوں میں ریاستی پولیس کے دو سپیشل پولیس آفیسرس بھی شامل ہیں جو محض چوبیس گھنٹے قبل دو ہتھیاروں کے ساتھ روپوش ہوکر جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرچکے تھے ۔رکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے پنجرن لاسی پورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج، ریاستی پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں گزشتہ شام کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوئوں نے فورسز کو نشانہ بناکر فائرنگ کی۔ فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی فائرنگ میں ایک جنگجو مارا گیا۔ تاہم طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جمعہ کی صبح تک جاری رہا جس میں مزید تین جنگجو مارے گئے ۔مہلوکین میں دو ایس پی او بھی شامل ہیں جو جمعرات کی صبح ڈسٹرکٹ پولیس لائنز پلوامہ سے اپنے سروس ہتھیاروں کے ساتھ لاپتہ ہوکر جنگجوئوں کی صفوں میں شامل ہوگئے تھے ۔ان کی شناخت شبیر احمد ڈار ساکنہ تجن پلوامہ اور محمد سلمان خان ساکنہ اٹھ مولہ شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے ۔تصادم میں مارے گئے دیگر دو جنگجوئوں کی شناخت عاشق حسین گنائی ساکنہ پنجرن پلوامہ اور عمران احمد بٹ ساکنہ آری ہل پلوامہ کے طور پر کی گئی ہے ۔موصولہ اطلاعات کے مطابق تصادم کے مقام پر مقامی لوگوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مقامی لوگوں بالخصوص نوجوانوں نے فورسز پر پتھرائو کیا جنہوں نے ردعمل میں آنسو گیس کے گولے داغے ۔انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔
