امریکہ کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے جموں و کشمیر کے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کو لے کر سخت مزمت کی ہے۔ انہوں نے ہندوستانی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے فون پر بات چیت میں کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں امریکہ ہندوستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، بولٹن نے جمعہ کے روز این ایس اے ڈوبھال سے فون پر بات چیت کی اور اس خود کش حملے پرغم کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں دہشت گردی کے خلاف اس لڑائی میں ہندوستان کے ساتھ کھڑے رہنے اور مجرموں کو اس کی سزا دینے کی یقین دہانی کرائی۔
بولٹن نے پی ٹی آئی کوبتایا، ’’ ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر سے جمعہ کے روز 2 بار بات ہوئی۔ میں نے آج ڈوبھال سے کہا کہ ہم ہندوستان کو اپنی دفاع کے حق کی حمایت کرتے ہیں‘‘۔
بولٹن نے ساتھ ہی کہا ،’’دہشت گردی کے مسئلہ پر ہماری رائے بالکل صاف ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ بھی بات کر رہے ہیں۔ امریکہ، سرحد پار سے دہشت گردانہ سرگرمیاں روکنے کے لئے ہندوستان کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے‘‘۔