پلوامہ حملہ پاکستان نے نہیں تو کس نے کرایا ، بی جے پی کا سوال

   

Ferty9 Clinic

صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول جواب دیں ۔ وہ پاکستان کے حلیف کی مانند سرگرم ،بی جے پی کا الزام

نئی دہلی ۔14جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کانگریس سے وضاحت چاہی کہ آیا اُسے اس تعلق سے شبہ ہے کہ پلوامہ دہشت گرد حملے کے پس پردہ کون کارفرماں رہا ، جس میں 40 سی آر پی ایف جوان گذشتہ سال ہلاک ہوئے تھے ۔ بی جے پی نے کہاکہ اپوزیشن پارٹی ہندوستان کو نشانہ بنانے میں اور پاکستان کا تحفظ کرنے میں بہترین ٹریک رکھتی ہے ۔ بی جے پی ترجمان سمبت پاترا نے اپوزیشن پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جب اُس کے قائدین نے جموں و کشمیر پولیس کے ڈی ایس پی رویندر سنگھ کی گرفتاری کا حوالہ دیا، جن کو دہشت گردوں سے روابط کے سلسلہ میں تحویل میں لیا گیا ہے ۔ کانگریس نے آر ایس ایس پر طنز کیا اور الزام عائد کیا کہ پلوامہ حملہ میں عظیم تر سازش معلوم ہوتی ہے ۔ پاترا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم سونیا گاندھی اور راہول سے دریافت کرنا چاہتے ہیںکہ آیا انہیں پلوامہ حملہ کے مرتکبین کے تعلق سے کوئی شبہ ہے ۔ اگر آپ مانتے ہو کہ پاکستان اس کے پس پردہ نہیں تو پھر ہمیں واضح طور پر بتایئے کہ کون ملوث ہیں ؟ ۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ راہول گاندھی پاکستان کے حلیف کی طرح کام کررہے ہیں اور اُن پر الزام عائد کیا کہ کانگریس مذہب کو دہشت گرد حملوں سے جوڑتے ہوئے ہندوؤں کو نشانہ بنارہی ہے اور کہا کہ پارٹی ایسا کرنے کی تاریخ رکھتی ہے ۔ کانگریس قائدین نے زعفرانی تشدد اور ہندو تشدد جیسی اصطلاحیں شروع کئے اور آر ایس ایس کو ممبئی دہشت گرد حملہ سے جوڑا تھا ۔ بی جے پی ترجمان نے کانگریس کو پاکستان سے جوڑتے ہوئے کہا کہ ان میں کئی باتیں مشترک معلوم ہوتی ہے جن سے سازش کا اظہار ہوتا ہے ۔ کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے ٹوئیٹ میں گذشتہ سال پلوامہ حملہ میں ملوث حقیقی مرتکبین کے تعلق سے شبہ ظاہر کیا اور اُن کے پارٹی رفیق رندیپ سنگھ سرجے والا نے سوال اٹھایا کہ آیا دویندر سنگھ محض پیادہ ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی نیز وزیر داخلہ امیت شاہ سے وضاحت چاہی ۔ سرجے والا نے اس معاملہ میں بڑی سازش ہونے کا الزام بھی عائد کیا ۔پاترا نے کانگریس کو غدار پارٹی قرار دیا اور ایسا اژدھا بتایا جو اپنوں کو ہی ڈس لیتا ہے ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور حافظ سعید جو دہشت گرد تنظیم لشکرطیبہ کے سربراہ ہیں ، وہ دونوں عنقریب کانگریس کی اس کے قائدین کے بیانات پر تعریف کریں گے ۔
’میں بے گناہ ہوں‘ حافظ سعید کا عدالت میں بیان
لاہور ۔ 14جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ممبئی دہشت گرد حملے کے سرغنہ حافظ سعید نے منگل کو یہاں ایک پاکستانی انسداد دہشت گردی عدالت میں خود کو بے قصور قرار دیا جب کہ اُن کے خلاف جماعت الدعوۃ کے سربراہ کی حیثیت سے دہشت گردی کیلئے فینانسنگ کے دو کیسوں میں ان کا بیان قلمبند کیا گیا ۔ پاکستان پر بین الاقوامی دباؤ ہے کہ عسکریت پسند گروپوں پر روک لگائی جائے ۔ انسداد دہشت گردی کے محکمہ نے حافظ سعید اور ان کے معاونین کے خلاف مختلف الزامات پر 23ایف آئی آر درج کئے تھے اور انہیں 17جولائی کو گرفتار کیا ۔ انہیں یہاں کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا ہے ۔ حافظسعید کی جماعت الدعوۃ کو محاذی تنظیم سمجھا جاتا ہے جو 2008ء کے ممبئی حملہ میں ملوث ہوئی جس میں 166افراد ہلاک ہوئے ۔