جموں وکشمیر کے پلوامہ میں دہشت گردانہ حملہ پر گورنر ستیہ پال ملک نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دباؤ میں یہ حملہ کیا گیا ہے۔ لیکن مجرموں کو بخشا نہیں جائےگا اور انہیں ڈھونڈ- ڈھونڈ کر مارا جائےگا۔ نیوز 18 سے انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان باز نہیں آیا، تو ہم اسے دنیا کے نقشے سے مٹا دیں گے۔ قابل غور ہے کہ اس حملے میں سی آر پی ایف کے 44 جوان جاں بحق ہوئے ہیں۔
سلامتی فورسز پر ملی ٹینٹوں کے حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جو طاقتیں اس بزدلانہ حرکت میں ملوث ہوں گی وہ صرف اپنی موجودگی ثابت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ظاہری طور پر ان لوگوں کی رہنمائی سرحد پارسے جیش محمد گروپ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حرکات سے سلامتی افواج کے عزم میں کوئی فرق نہیں آئے گا اور آخر کار ایسی قوتوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
نیوز 18 سے ہوئی بات چیت میں ستیہ پال ملک نے کہا، ’’ گزشتہ ایک سال میں دہشت گردوں کو زبردست مار پڑی تھی۔ کوئی نیا شخص شامل نہیں ہو رہا تھا۔ کوئی پتھر بازی نہیں ہو رہی تھی۔ اتنے الیکشن ہو گئے کوئی ایک پرندہ بھی نہیں مرا ۔ اس کے سبب پاکستان میں پریشانی تھی۔ اس پر پاکستان نے کہا ہوگا کہ ہندوستان میں کچھ گڑبڑی کریئے۔ نہیں تو 10 سال میں جو گڑبڑی پیدا کی گئی تھی وہ سب ختم ہو جائےگی۔ اپنی موجودگی ثابت کرنے کے لئے یہ حملہ کیا گیا‘‘۔