انٹلی جنس مواد دستیاب ہونے کے باوجود جوانوں کو مرنے دیا گیا : ممتا
کولکاتا 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج الزام عائد کیاکہ مودی حکومت کو اگرچہ پلوامہ حملے کے تعلق سے انٹلی جنس مواد حاصل تھا لیکن اُس نے کوئی اقدام نہیں کیا کیوں کہ وہ جوانوں کی نعشوں پر سیاست کا کھیل کھیلنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے یہاں ترنمول کانگریس کی توسیعی کور کمیٹی میٹنگ سے خطاب میں آنے والے جنرل الیکشن میں آمرانہ نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کا عہد کیا۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ اُن کی پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) آنے والے چناؤ میں مغربی بنگال میں تمام 42 لوک سبھا نشستیں جیتے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو واقفیت تھی کہ اِس طرح کا حملہ پیش آسکتا ہے۔ انٹلی جنس کے اشارے مل چکے تھے، پھر کیوں حکومت نے ہمارے جوانوں کو بچانے کی کوشش نہیں کی۔ حکومت نے اُنھیں مرنے دیا تاکہ وہ انتخابی جوانوں کی نعشوں پر سیاست کرسکیں۔ اُنھوں نے لوک سبھا چناؤ سے قبل جنگی جنون پیدا کرنے کی کوشش کی۔ مرکزی حکومت عجیب انداز میں کام کررہی ہے اور مرکزی وزراء اہم فیصلوں سے واقف نہیں ہیں۔ یہ حکومت دو بھائیوں (وزیراعظم نریندر مودی اور صدر بی جے پی امیت شاہ) کے ذریعہ چلائی جارہی ہے جن کے ہاتھوں پر بے قصوروں کا خون لگا ہے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ ہمارے پارٹی ورکرس اور کیڈر کو محتاط رہنا چاہئے کیوں کہ لوک سبھا چناؤ کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے چھیڑ چھاڑ کی کوششیں ہوسکتی ہیں۔ آپ کو ایسی کوششیں ناکام بنانا ہوگا۔ 14 فروری کو جموں و کشمیر میں 40 سی آر پی ایف جوان ہلاک ہوئے جبکہ ضلع پلوامہ میں اُن کی گاڑیوں کے قافلے میں جیش محمد کے عسکریت پسند نے اپنی دھماکو گاڑی گھسادی تھی۔