نئی دہلی۔10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے چہارشنبہ کے روز راجیہ سبھا کو مطلع کیا کہ پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد سے بنگلور کی فورسس نے تاحال کی گئی کارروائیوں میں 93 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مملکتی وزیر نے کہا کہ 2018ء کے مقابلے رواں سال اس مدت کے دوران پیش آئے دہشت گردی کے واقعات میں 28 فیصد کمی ہوئی ہے۔ دراندازی کے واقعات میں 43 فیصد کمی ہوئی ہے اور دہشت گردوں کو ختم کرنے کے واقعات میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ پلوامہ حملے کے بعد سکیوریٹی فورسس نے تاحال 93 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ کشن جی ریڈی نے کہا کہ پلوامہ حملے کی نیشنل انوسٹگیشن ایجنسی کی طرف سے جاری تحقیقات میں تاحال سازشیوں، خود کش حملہ آور اور گاڑی فراہم کرنے والے کی شناحت کی جاچکی ہے۔ پلوامہ حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوان ہلاک ہوئے تھے۔