نئی دہلی 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جیش محمد کا دہشت گرد سجاد خان جو پلوامہ حملے کے سرغنہ مدثر کا قریبی مددگار رہا، اُسے یہاں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے جمعہ کو بتایا کہ پلوامہ کے متوطن 27 سالہ سجاد کو جمعرات کی شب دیر گئے لاجپت رائے مارکٹ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (اسپیشل سل) پرمود سنگھ کشواہہ نے کہاکہ مدثر حال ہی میں جموں و کشمیر میں سکیورٹی فورسیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک ہوگیا تھا۔پولیس آفیسر کے مطابق سجاد کو مدثر نے دہلی میں سلیپر سل قائم کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔
کرناٹک کے وزیر شیولّی کا دیہانت
بنگلورو 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے وزیر بلدی نظم و نسق سی ایس شیولّی کا آج ہبلی کے ایک اسپتال میں حرکت قلب بند ہوجانے سے دیہانت ہوگیا۔ دواخانے کے ذرائع نے بتایا کہ 56 سالہ شیولّی کو بخار اور قئے آنے کی شکایت پر دواخانہ سے رجوع کیا گیا تھا جہاں اُنھوں نے دوپہر 1.40 بجے آخری سانس لی۔ وہ ضلع دھارواڑ میں حلقہ کونڈگول سے تین مرتبہ ایم ایل اے رہے۔ وہ عارضۂ قلب سے متاثر تھے۔