پلوامہ حملے کے شہیدوں کو امیت شاہ کا خراج

,

   

نئی دہلی14فروری(سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پچھلے سال پلوامہ میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں پر ہوئے خودکش حملے میں شہید جوانوں کو خراج عقیدت دیتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ ملک ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔مسٹر شاہ نے ٹویٹ کرکے کہا،’’ہندوستان اپنے ان بہادر فوجیوں اور گھروالوں کا ہمیشہ احسان مند رہے گا جنہوں نے ملک کی خود مختاری اور سالمیت کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی تھی‘‘۔واضح رہے کہ پچھلے سال 14فروری کو جیش محمد کے ایک خودکش حملہ آور نے پلوامہ ضلع میں سی آر پی ایف کے ایک قافلے کو نشانہ بناتے ہوئے دھماکہ خیز مواد سے لدی کار سے دھماکے کو انجام دیا تھا۔اس بزدلانا حملے میں 40سے زیادہ سی آر پی ایف جوان شہید ہوگئے تھے ۔

پلوامہ حملہ: خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاچکا

پلوامہ14فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر زون ذوالفقار حسن نے کہا کہ 14 فروری 2019 کو ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ میں ہونے والے ہلاکت خیز خودکش دھماکے کے سبھی مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ دھماکے کے بعد کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹ تنظیموں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشنز شروع کئے گئے اور ان کی کمر توڑ کر انہیں بیک فٹ پر دھکیلا گیا۔ذوالفقار حسن نے یہ باتیں جمعہ کو یہاں لیتہ پورہ میں واقع 185 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کا اہتمام پلوامہ حملے میں جاں بحق ہوئے سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔ تقریب میں اسپیشل ڈی جی کے علاوہ دوسرے سینئر سی آر پی ایف افسروں نے بھی شرکت کی۔ذوالفقار حسن نے مہلوک سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا: ‘میں انصاف کی بات نہیں کرنا چاہوں گا لیکن حقیقت یہ ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد چند مہینوں کے اندر ہی اس کے کلیدی مجرموں کو ہلاک کیا گیا۔ کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے باہر سے حملہ آوروں کی او جی ڈبلیوز کے طور پر مدد کی تھی۔ جن لوگوں نے حملہ انجام دیا تھا ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جاچکا ہے ‘۔سی آر پی ایف کے اسپیشل ڈی جی نے کہا کہ پلوامہ حملے کے بعد ملی ٹینٹ تنظیموں کی کمر توڑ دی گئی اور ان کو بیک فٹ پر دھکیلا گیا۔انہوں نے کہا: ‘کشمیر میں سرگرم تمام ملی ٹینٹ تنظیموں کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔
ان کو بیک فٹ پر دھیکلا گیا ہے ۔ فورسز کی بالادستی عروج پر ہے ۔ امید ہے کہ آنے والے دن پرامن ہوں گے ‘۔