پلوامہ شہیدوں کی قربانیوں پر بی جے پی کی سیاست: محمد علی شبیر

   

کانگریس نے ذمہ دار اپوزیشن کا رول ادا کیا، دہشت گرد ٹھکانوں پر فوجی کارروائی کی ستائش

حیدرآباد۔2مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں کانگریس کے فلور لیڈر محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی پلوامہ کے شہیدوں کی قربانیوں پر سیاست کررہی ہے۔ محمد علی شبیر نے اپنے بیان میں کہا کہ پلوامہ دہشت گرد حملہ کے بعد گزشتہ دو ہفتوں میں بی جے پی کا خفیہ ایجنڈہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ نریندر مودی حکومت قومی بحران کو اپنے سیاسی فائدہ کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے جو انتہائی بدبختانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کے اتحاد و یکجہتی کے بہر صورت تحفظ کے حق میں ہے اور اس نازک گھڑی میں تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی موجودہ صورتحال کو 2019 لوک سبھا انتخابات کی مہم میں انتخابی فائدہ کیلئے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور وہ قوم پرستی اور حب الوطنی کی دعویداری پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی اور کانگریسی قیادت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گرد حملہ کی مذمت کی جبکہ بی جے پی قیادت ہندوستانی افواج کی پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر کی گئی کارروائی کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی نے وکٹری ریالیوں کے ذریعہ فوجی کارروائی کا کریڈٹ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قومی بحران میں اپنی روٹیاں سینک رہی ہے جس کا واضح مظاہرہ کرناٹک کے بی جے پی قائد یدی یورپا کا بیان ہے جس میں انہوں نے پلوامہ کے بعد کرناٹک میں 22 لوک سبھا نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ بی جے پی کی طرح کانگریس نے کبھی بھی قومی بحران کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی کوشش نہیں کی۔ کانگریس قائدین نے کُل جماعتی اجلاس کا اہتمام کیا اور حکومت کی مکمل تائید کا یقین دلایا جبکہ مرکزی حکومت خاص طور پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کُل جماعتی اجلاس طلب نہیں کیا۔ کانگریس نے گجرات میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کو ملتوی کردیا اور پرینکا گاندھی نے اپنے پروگرام منسوخ کردیئے لیکن بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کیلئے سیاسی فائدہ کی شرمناک کوششوں کو جاری رکھا ہے۔ پلوامہ حملہ کے بعد بھی نریندر مودی نے انتخابی تشہیر سے متعلق شوٹنگ کو جاری رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی افواج نے جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملہ کرتے ہوئے کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی صدر امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی پر ملک کے نازک حالات میں بھی سیاسی مقصد براری کی کوششوں پر تنقید کی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک کے اتحادویکجہتی اور بیرونی خطرات سے شہریوں کے تحفظ کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔