سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے زڈورہ نامی علاقے میں ہونے والے ایک شبانہ مسلح تصادم میں تین جنگجو اور فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہوا ہے۔ سری نگر میں تعینات دفاعی ترجمان نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے زڈورہ میں جمعے کی رات دیر گئے شروع ہونے والے ایک مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے ہیں۔ مہلوک جنگجوئوں کے قبضے سے ایک اے کے 47 رائفل اور دو پستولیں برآمد کی گئی ہیں۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مسلح تصادم کے دوران ایک فوجی اہلکار شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بھی تصادم میں تین جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زڈورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج کی 50 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں جمعہ کی رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔