پلوامہ میں مزید 2 نوجوانوں کی گھر واپسی :جموں وکشمیر پولیس

   

Ferty9 Clinic

سری نگر۔18 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مزید دو نوجوانوں نے مسلح عسکری گروپ سے ناطہ توڑ کر گھر واپسی اختیار کی ہے ۔ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع پلوامہ میں کیمونٹی ممبران اور فیملی کی مدد سے مزید دو نوجوانوں نے والدین کی اپیل پر تشدد کا راستہ چھوڑ کر گھر واپسی اختیار کی ہے ۔کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا: ‘ضلع پلوامہ میں کیمونٹی ممبران اور فیملی کی مدد سے مزید دو نوجوان قومی دھارے میں واپس لوٹ آئے ہیں۔ ان کے نام اور شناخت پوشیدہ رکھی گئی ہے ‘۔جنوبی کشمیر میں جنگجو بننے والے نوجوانوں کی گھر واپسی کا رجحان فٹ بالر سے لشکر طیبہ جنگجو بننے والے 20 سالہ ماجد خان عرف شان پولاک نے پیدا کیا۔ ماجد خان نے 16 نومبر 2017 کی شام کو ضلع اننت ناگ کے کھنہ بل میں واقع 1 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کے کیمپ میں خودسپردگی اختیار کی تھی۔اجد کے والدین نے اسے ویڈیو پیغامات کے ذریعے واپس گھر آنے کی اپیل کی تھی۔