پلٹزر ایوارڈ یافتہ صحافی دانش افغانستان میں جاں بحق

,

   

کابل؍ نئی دہلی : پلٹزر ایوارڈ یافتہ ہندوستانی صحافی دانش صدیقی کو قندھار میں قتل کردیا گیا۔یہ اطلاع جمعہ کوہندوستان میں افغانستان کے سفارتخانے میں تعینات سفیر فرید ماموندزئی نے دی ہے۔ فرید نے ٹویٹ کیا کہ جمعرات کی رات قندھار میں اپنے دوست دانش صدیقی کے قتل کی خبر سن کر بہت رنجیدہ ہوں۔ ہندوستانی صحافی اور پلٹزر انعام یافتہ دانش صدیقی افغان سکیورٹی فورس کے ساتھ تھے ۔ میں ان سے دو ہفتے قبل اس وقت ملا تھا، جب وہ کابل جا رہے تھے ۔ میری ہمدردیاں ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ دریں وزیراطلاعات انوراگ ٹھاکر نے قندھار میں ہندوستانی صحافی دانش صدیقی کے قتل پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ قندھار میں ہندوستانی صحافی دانش صدیقی کو پرتشدد جھڑپ میں دردناک طورپر قتل کردیا گیا، جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہیں فوٹوگرافی کیلئے پلٹزر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اور وہ قندھار میں افغان سلامتی دستے کے ساتھ تھے۔برطانیہ کے خبر رساں ادارے روئٹرز کے ساتھ وابستہ پلٹزر ایوارڈ یافتہ فوٹو جرنلسٹ دانش صدیقی افغانستان کے علاقے اسپن بولدک میں افغان فورسز اور طالبان کے درمیان گذشتہ چند دن سے جاری جھڑپوں کے دوران جاں بحق ہو گئے۔ دانش کا تعلق ممبئی سے تھا اور وہ روئٹرز سے وابستہ تھے۔ دانش نے دہلی میں واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ سے معاشیات میں گریجویشن کی تھی اور 2007 میں اسی یونیورسٹی سے انہوں نے ماس کمیونیکشن کی ڈگری بھی حاصل کی تھی۔ 2020ء کے دہلی فسادات سے متعلق ان کی ایک تصویر کو روئٹرز کی جانب سے سال 2020 کی عکاسی کرنے والی تصاویر میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔ وہ انڈیا میں روئٹرز کی پکچرز ٹیم کے سربراہ بھی تھے۔