پلے آف مرحلے میں جگہ بنانا اولین ترجیح تھی: سیمی

   

ابوظہبی۔6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان سوپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ سیزن4 میں پلے آف مرحلے میں جگہ بنانا ان کی اولین ترجیح تھی اور چونکہ ان کا ایک میچ باقی رہ گیا ہے لہٰذا قوی امید ہے کہ انہیں دو بہترین ٹیموں میں جگہ مل جائے گی۔لاہور قلندرز کیخلاف مقابلے میں پشاور زلمی کو کامیابی دلانے میں ڈیرن سیمی نے بھی اہم کردار نبھایا جب انہوں نے مصباح الحق کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں اس وقت100رنز جوڑے جب صرف20 رنز پر پشاور زلمی کی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔واضح رہے کہ چھٹی وکٹ کیلئے سنچری شراکت ایونٹ کا ایک نیا ریکارڈ بھی ہے۔ ڈیرن سیمی نے کامیابی کے بعد کہا کہ پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنا ان کا اولین مقصد تھا اور اس ٹورنمنٹ میں انہیں مزید ایک میچ کھیلنا ہے لہٰذا توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ دو بہترین ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے پرعزم انداز سے کہا کہ ان کی ٹیم متحد ہے اور وہ ساتھ جیتیں گے تو ساتھ ہی ہاریں گے اور اس حوالے سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔