اسمبلی میں وزیر پنچایت راج دیاکر رائو کا بیان
حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر رائو نے کہا کہ پلے پرگتی پروگرام کا مقصد دیہی علاقوں میں معیار زندگی میں بہتری اور گرام پنچایتوں کی حکمرانی میں اضافہ کرنا ہے۔ اس پروگرام کے دوران صحت و صفائی اور ہریتاہارم پروگرام پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ وزیر پنچایت راج تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ایم یادگری ریڈی اور دوسروں کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کی نکاسی، سڑکوں کی صفائی، ڈرینس اور جنگلی جھاڑیوں کی صفائی کا کام انجام دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کو کچرے کی نکاسی کے سلسلہ میں شعوری بیداری کے تحت کچرے دان حوالے کیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پودوں کو پانی کی سربراہی کے لیے ہر گرام پنچایت کی جانب سے ٹریکٹرس خریدے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی ترقیات کے تحت ہر ماہ تمام گرام پنچایتوں میں 339 کروڑ روپئے جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہریتا ہارم کے تحت 2019-20ء کے دوران ایک لاکھ 47 ہزار 261 مقامات پر 10 کروڑ 90 لاکھ پودے لگائے گئے۔ مکانات میں شجرکاری کے لیے 3 کروڑ پودوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ 2019-20ء کے دوران ہر گرام پنچایت میں شجرکاری کے لیے 23.54 کروڑ نرسریز کا نشانہ مقرر کیا گیا۔