پلے پرگتی کاموں میں تساہلی پر سخت کارروائی کا انتباہ: کلکٹر پداپلی

   

تیسرے مرحلے کے کاموںاورہریتا ہارم سے متعلقہ امور پر متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیو کا نفرنس
پداپلی۔/5 جون( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پداپلی ضلع کلکٹر سِکتا پٹنائک نے کہا کہ پلے پرگتی کاموں میں کاہلی برتنے پر سخت کاروائی کی جائیگی. خصوصی صفائی مہم’ ہریتا ہارم سے متعلقہ امور پر ضلع کلکٹر نے بروز جمعرات ایم پی ڈی اوز اور متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس کاانعقاد عمل میں لایا. اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کورونا پر قابو اور موسم برسات میں موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے تحت حکومت نے یکم جون تا 8 جون خصوصی صفائی مہم کا دیہی اور شہری علاقوں میں انعقاد عمل میں لایا ہے. جس کی موثر انداز میں عمل آوری کی ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو تاکید کی. انھوں نے کہا کہ خصوصی صفائی مہم سے متعلق مواضعات میں کچھ حد تک تساہلی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے. دیہی علاقوں کے خصوصی عہدیداران مواضعات کا روزآنہ دورہ نہیں کررہے ہیں. فی الوقت حکومت کی مواضعات کی صفائی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ جس کے تحت مواضعات میں صاف صفائی کے کام کی نوعیت کی جانچ کے لئے اعلیٰ عہدیداران کسی بھی وقت دورہ کرسکتے ہیں. کمان پور منڈل کے گنڈارم موضع میں خصوصی ٹیم نے اچانک صاف صفائی کا معائنہ کیاہے . موجودہ کووڈ۔19 کے پس منظر میں اگر ڈینگو بیماری لاحق ہوجائے تو حالات اور بھی بے قابو ہوجائیں گے. جس کے تدارک کے لئے اطراف واکناف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا چاہئیے۔ گرام پنچایتوں میں فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے. جون ماہ کے فنڈز بھی جمع کردئیے گئے ہیں. تقریباً 9 کروڑ روپئے پنچایت کھاتہ میں جمع کروائے گئے ہیں۔ مواضعات میں دستیاب فنڈز کا موثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے زائد مزدوروں سے کوڑے کچرے کو صاف کروائیں۔ خصوصی صفائی مہم کی عمل آوری میں توقع بخش پیشرفت نہیں ہے.عہدیداران کام کو نظرانداز کررہے ہیں. کام پر غیر حاضر دیہی خصوصی عہدیداروں، منڈل سطح کے عہدیداروں کو وجہ بتاو نوٹس جاری کرنے کی کلکٹر نے ہدایت دی. انھوں نے مزید کہا کہ بتاریخ 8 جون خصوصی صفائی مہم کے مکمل ہونے کے بعد مطلوبہ نتائج کا حصول نہ کرنے والے سرپنچوں’ پنچایت سکریٹریز اور خصوصی عہدیداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی. ایم پی ڈی اوز کو بھی چارج میمو جاری کرنے کا کلکٹر نے انتباہ کیا۔زیڈپی سی ای او اور دیہی ترقیاتی عہدیدار ونود کمار’ ضلع پنچایت آفیسر وی.سدرشن’ ایم پی ڈی اوز اور متعلقہ عہدیداروں نے اس ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی۔