نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین محسوس کرتے ہیں کہ جارحانہ وکٹ کیپر بیٹسمین ریشپھ پنت مستقبل کی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ثابت ہوسکتے ہیں۔ جیسا کہ انھوں نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران نہ صرف تمام طرز کی کرکٹ میں شاندار مظاہرے کئے ہیں بلکہ ٹیم میں اپنے مقام کو مستقل کرنے کی بھی بہتر کوشش کی ہے۔ پنت اِس وقت رواں ماہ شروع ہونے والے آئی پی ایل 2021 ء میں دہلی کیاپٹلس کی قیادت کررہے ہیں کیوں کہ مستقل کپتان شریاس ایئر زخمی ہوکر ٹورنمنٹ سے باہر ہوچکے ہیں۔ ایچ سی آئی کے صدر محمد اظہرالدین نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہاکہ ریشپھ پنت کے گزشتہ چند ماہ انتہائی شاندار رہے اور انھوں نے تمام طرز کی کرکٹ میں خود کو ثابت کیا ہے اور مجھے اِس بات پر تعجب نہیں ہوگا کہ سلیکٹر انھیں عنقریب ہندوستان میں مستقبل کی ٹیم کے لئے کپتانی کی دوڑ میں انھیں سب سے آگے دیکھتے ہیں۔ 23 سالہ پنت نے گزشتہ چند مہینوں کے دوران بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ دورۂ آسٹریلیا پر بارڈر ۔ گواسکر ٹروفی میں انھوں نے تیسرے ٹسٹ میں 97 اور چوتھے ٹسٹ میں ناقابل تسخیر 89 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ہندوستان کی تاریخ ساز کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔ اس کے بعد گھریلو سیریز میں انگلینڈ کے خلاف انھوں نے اس شاندار فام کو جاری رکھتے ہوئے ونڈے مقابلوں میں دو نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔