سڈنی ۔4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا اور آخری میچ سڈنی میں کھیلا جارہا ہے۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز سات وکٹ کے نقصان پر 622 رن بناکر ڈکلیئر کردی ہے۔ اس دوران ٹیم کے وکٹ کیپر ریشبھ پنت نے سڈنی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 189 گیندوں پر 159 رنز ( 15 چوکے اور ایک چھکا ) کی شاندار ناٹ آوٹ اننگز کھیلی اور ساتھ ہی ساتھ کئی ریکارڈس بھی اپنے نام کرلئے۔ پنت آسٹریلیا میں سنچری بنانے والے واحد ہندوستانی وکٹ کیپر ہیں۔ اس سے پہلے فاروق انجینئر نے 94 رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔ پنت نے 159 رنوں کی اننگز کھیلی۔ وہ غیر ملکی سرزمین پر 150 سے زیادہ رن کی اننگز کھیلنے والے پہلے ہندوستانی وکٹ کیپر بن گئے ہیں۔ اس سیریز میں رشبھ پنت نے اب تک 350 رنز بنائے ہیں اور وہ پجارا ( 521) کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کے نوجوان وکٹ کیپر نے موجودہ سیریز میں 200 سے زیادہ رنز بنانے کے علاوہ 20 کیچ بھی پکڑے ہیں، وہ ایسا کرنے والے پہلے ایشیائی وکٹ کیپر ہیں۔ معین خان اور مشفق الرحیم کے بعد پنت تیسرے ایسے وکٹ کیپر بن گئے ہیں جنہوں نے غیر ملکی سرزمین پر دو سنچریاں بنائی ہیں۔ معین نے ہیملٹن اور لیڈس میں بالترتیب 137 اور 105 رنوں کی اننگز کھیلی تھیں جبکہ مشفق الرحیم نے گالے میں 200 اور ویلنگٹن میں 159 رن بنائے تھے جبکہ پنت نے ایسا اوول اور سڈنی میں کیا ہے۔