پنت اور بمراہ نے نازیبا الفاظ پر معذرت کی:افریقی کپتان ٹمبا

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی، 24 دسمبر (آئی اے این ایس) جنوبی افریقہ کے کپتان ٹمبا باؤما نے انکشاف کیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے دو کھلاڑی رشبھ پنت اور جسپریت بمراہ نے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ کے دوران اپنی زبان میں ان کے بارے میں بیان بازی کرنے کے بعد ان سے معذرت کی۔ ٹمبا جنہوں نے جنوبی افریقہ کو ہندوستان کے خلاف 2-0 سے ٹسٹ سیریز میں فتح دلائی، انہوں نے کہا کہ اگرچہ ایسے الفاظ آسانی سے فراموش نہیں کیے جاتے لیکن وہ کسی قسم کی رنجش اپنے دل میں نہیں رکھتے۔ پہلے دن کے کھیل کے دوران ایک اسٹمپ مائیک واقعہ میں بمراہ اور پنت کو14ویں اوور میں ٹمبا کے خلاف ایل بی ڈبلیو کی اپیل کرتے ہوئے انہیں ’باؤنا‘ کہتے ہوئے سنا گیا۔ یہ اصطلاح عام طور پر بونے پن (ڈوارفزم) میں مبتلا افرادکے لیے استعمال ہوتی ہے، تاہم کم قد افراد کے لیے اس کا استعمال توہین آمیز سمجھا جا سکتا ہے۔ ٹمبا نے کہا ہندوستان کے خلاف سیریز ہمیشہ ہی سخت اور سنسنی خیز ہوتی ہے اور جب مقابلہ گرم ہو جائے تو یہ تماشے کو مزید دلچسپ بنا دیتا ہے اور کھلاڑیوں کو مزید متحرک کرتا ہے۔ جب تک کھلاڑیوں کے درمیان باہمی احترام برقرار ہے، میدان میں جوکچھ بھی ہوتا ہے وہ قابلِ قبول ہے۔ میری جانب سے ایک واقعہ پیش آیا جہاں انہوں نے اپنی زبان میں میرے بارے میں کچھ کہا۔ آخرکار دو سینئر کھلاڑی، رشبھ پنت اور جسپریت بمراہ، میرے پاس آئے اور معذرت کی۔ جب معذرت کی گئی تو مجھے اس بات کا علم نہیں تھا کہ معاملہ کیا ہے،کیونکہ میں نے اس وقت وہ بات نہیں سنی تھی اور مجھے اس بارے میں اپنے میڈیا مینیجر سے تصدیق کرنی پڑی۔ میدان میں جو ہوتا ہے وہ میدان تک ہی محدود رہتا ہے، لیکن جوکہا جاتا ہے وہ بھلایا نہیں جاتا۔ اسے آپ ایندھن اور حوصلہ افزائی کے طور پر استعمال کرتے ہیں، لیکن کسی قسم کی ذاتی رنجش نہیں رکھی جاتی، ٹمبا نے چہارشبنہ ای ایس پی این کرک انفوکے حوالے سے کہا۔