پنت مظاہرہ کریں یا سامسن کیلئے جگہ خالی کریں : لکشمن

   

نئی دہلی ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹسٹ بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے کہا ہیکہ وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت کے ہاتھوں سے وقت تیزی سے نکل رہا ہے کیونکہ انہیں اب ٹیم کی جانب سے ان پر کئے جانے والے بھروسہ کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا یا پھر سنجوسامسن کیلئے جگہ خالی کرنی ہوگی۔ لکشمن نے کہا ہیکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف تین مقابلوں کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں زخمی اوپنر شکھردھون کے مقام پر سامسن کو ٹیم میں شامل کرنا دراصل پنت کیلئے ایک واضح پیغام ہے جس سے سلیکٹر کہنا چاہتے ہیکہ پنت مظاہرہ کریں یا پھر جگہ خالی کریں۔ اسٹار اسپورٹس سے اظہارخیال کرتے ہوئے لکشمن نے کہا ہیکہ ٹیم انتظامیہ اور سلکشن کمیٹی نے پنت کو ایک سخت پیغام دیا ہے جس کیلئے انہوں نے سامسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ پنت کو متعدد مرتبہ موقع فراہم کئے گئے ہیں لیکن وہ بھروسہ کے مطابق مظاہرے کرنے میں ناکام ہے۔ لکشمن نے اس امید کا بھی اظہار کیاہیکہ پنت کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ انہیں طمانیت بھی دی گئی ہوگی کہ وہ مظاہرے کریں تاکہ ٹیم میں ان کے مقام کو مستقل کیا جاسکے۔ لکشمن نے یہ بھی واضح کردیا ہیکہ ان تمام حالات کے باوجود کھلاڑی سے بہتر مظاہرہ ٹیم کا مطالبہ ہوتا ہے اور اگر وہ نہیں کرپاتا ہے تو اسے جگہ خالی کرنی ہوتی ہے۔ ٹسٹ کرکٹ میں وریدھیمان ساہا کی واپسی سے پنت کو اپنا مقام گنوانا پڑا ہے۔ اب جبکہ محدود اوورس کی کرکٹ میں بھی سنجوسامسن کی شمولیت پنت کیلئے سخت اور واضح پیغام ہے۔ لکشمن نے کہا ہیکہ پنت اس وقت ناقابل بیان دباؤ میں ہے جو دراصل ٹیم میں ان کے مقام پر اخراج کی لٹکتی تلوار ہے۔ اس میں شک نہیں کہ پنت ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں لیکن امیدوں کا بوجھ ان پر بڑھتا جارہا ہے۔ دوسری جانب سنجوسامسن نے حالیہ دنوں میں غیرمعمولی مظاہرے کئے ہیں

اور وہ ٹیم میں شمولیت کے حقدار بھی ہیں۔ علاوہ ازیں مہیندر سنگھ دھونی نے بھی اشارے دیئے ہیکہ وہ عنقریب ٹیم میں واپسی کرسکتے ہیں حالانکہ انگلینڈ میں منعقدہ ورلڈکپ کے بعد سے وہ دورہ ویسٹ انڈیز کے علاوہ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف گھریلو سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے لیکن امید کی جارہی ہیکہ وہ عنقریب ٹیم میں واپسی کریں گے۔ پنت اور سامسن کے مظاہروں کے بعد آئی پی ایل کے ذریعہ دھونی کی واپسی بھی اہم ہوگی۔

کیپرکا سوپر گول حریف ٹیم کے ساتھ شائقین حیران
میکسیکو سٹی۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) میکسکو میں گول کیپر کی جانب سے سوپر کک دیکھ کر شائقین دنگ رہ گئے ہر کوئی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکا۔ تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے گول کیپر جس کا نام ٹونو روڈرگوز ہے نے اپنے کیریئر کے دوران 100 کے قریب میچز کھیلے ہیں لیکن گزشتہ میچ کے دوران گول کیپر نے سوپر کک سے کمال دکھا دیا، اپنی ڈی سے حریف ٹیم کے گول پوسٹ کا صد فیصد درست نشانہ لگاکر گول بنادیا۔ گول کیپر کی جانب سے اپنی ڈی سے گیند کو لگائی جانے والی کک کی بدولت گیند حریف ٹیم کے گول پوسٹ میں پہنچ گئی حالانکہ حریف ٹیم کا کھلاڑی اس گول کو روکنے کیلئے گیند کے پیچھے کافی دور تک دوڑ لگاتا رہا اور چھلانگ لگانے کے باوجود وہ گیند کو جال میں پہنچنے سے روک نہیں پایا۔سوپر کک کو دیکھ کر فٹبال دیوانے بھی حیران ہوگئے۔ اس دوران میچ میں کمنٹری کرنے والے بھی داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔ سوپر کک کی وجہ سے اس میچ میں وکٹ کیپر کی ٹیم نے یہ 2-1 سے کامیابی حاصل کی ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گول کیپر کس شاندارانداز میں کک مارے رہے ہیں اور ہر کوئی ان کی سوپر کک پر ششدر ہو کر رہ گیا ہے۔