نئی دہلی۔5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے لیجنڈ وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے جانشین قرار دیئے جا رہے رشبھ پنت اپنی مسلسل خراب فارم اور بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں ناکام ڈی آر ایس کے فیصلوں کے سبب ناقدین کے نشانے پر آ گئے ہیں۔ پنت کا ان کے خراب فارم کے باوجود ٹیم مینجمنٹ، سلیکٹر اور کپتان مسلسل دفاع کر رہے ہیں۔ پنت ونڈے اور ٹوئنٹی 20 میچوں میں ان کی صلاحیت کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو ٹسٹ سیریز سے انہیں الیون سے باہر رکھا گیا تھا۔بنگلہ دیش کے خلاف دہلی میں کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں جب پنت نے ڈی آر ایس کیلئے کپتان روہت شرما سے اتفاق کیا لیکن جیسے ہی امپائر نے ہندوستان کا ریفرل مسترد کیا تو شائقین کی جانب سے مسلسل دھونی ۔ دھونی کی آوازیں آنے لگیں۔