چنئی ۔ رشبھ پنت نے شاندار سنچری کے ساتھ ٹسٹ کرکٹ میں واپسی کا جشن منایا۔ اسٹار ہندوستانی وکٹ کیپر نے بنگلہ دیش کے خلاف چنئی ٹسٹ کے تیسرے دن اپنی سنچری مکمل کی۔ اس کے ساتھ انہوں نے ایم ایس دھونی کی بھی برابری کر لی۔ بنگلہ دیش کے خلاف اپنا آخری ٹسٹ کھیلنے والے پنت دسمبر2022 میں ایک سڑک حادثے کا شکار ہو ئے تھے، جس میں وہ بری طرح زخمی ہو ئے تھے۔ اس واقعے کے ڈیڑھ سال بعد پنت نے ٹسٹ کرکٹ میں واپسی کی اور پہلے ہی میچ میں شاندار سنچری بنائی۔ انہوں نے ایم ایس دھونی کے بطور ہندوستانی وکٹ کیپر سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابرکرلیا۔ چیپاک گراؤنڈ میں جہاں مقامی ہیرو روی چندرن اشون نے پہلی اننگز میں شاندار سنچری اسکورکی وہیں شائقین کے پسندیدہ بن چکے رشبھ پنت نے دوسری اننگز میں سنچری بنائی۔ میچ کے دوسرے دن 12 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ واپس لوٹنے والے پنت نے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں کچھ دیرآرام سے بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچری بنائی۔ نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے باؤنڈریزکی بارش کی۔ لنچ تک وہ 82 رنز بنا چکے تھے۔ اس دوران بنگلہ دیش کے کپتان نظم الحسین شانتو نے بھی 72 رنز کے اسکور پر پنت کا ایک آسان کیچ گرادیا۔ دوسرے سیشن میں سبھی پنت کے سنچری مکمل کرنے کا انتظار کر رہے تھے اور انہوں نے اس میں زیادہ وقت نہیں لیا۔ پہلے ہی اپنے ٹسٹ کیریئر میں 7 بار نروس نائنٹیز (90 سے 99 کے درمیان) کا شکار ہونے کے باوجود پنت نے 90 کا ہندسہ عبور کرنے کے بعد بھی حملہ جاری رکھا۔ اس کے بعد پنت نے شکیب الحسن کی گیند پر 2 رنز بنا کر اپنی چھٹی ٹسٹ سنچری مکمل کی۔ انہوں نے یہ سنچری صرف 124 گیندوں میں مکمل کی جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔