پنت کا رن آؤٹ مقابلے کا ٹرننگ پوائنٹ : ساؤتھی

   

وِلنگٹن ۔ 22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی سمجھتے ہیں کہ ہندوستانی بیٹسمین ریشپھ پنت کا رن آؤٹ ہونا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ہے جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کی پہلی اننگز میں 165 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پنت جنہوں نے دوسرے دن کا آغاز شاندار انداز میں پہلے ہی اوور میں چھکا لگاتے ہوئے کیا، لیکن اجنکیا رہانے کے ناقص فیصلے کی وجہ سے وہ رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد مابقی 5 وکٹیں صرف 33 رنز کے اضافہ پر آؤٹ ہوگئیں۔ پنت کو ایک غلط فیصلے کے ذریعہ رن آؤٹ کرانے کے بعد رہانے بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہیں سکے اور ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ ساؤتھی نے اس ضمن میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکمت عملی یہ تھی کہ اگر ہم ایک سرے سے وکٹ حاصل کرنا شروع کریں تو ہندوستانی اننگز کو جلد ختم کرسکتے ہیں جس کا فائدہ پنت کے رن آؤٹ ہونے سے ہوا ۔ پنت کے آؤٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کے بولروں کو ایک سرے سے حملہ کرنے کا موقع ملا کیونکہ پنت اور رہانے دونوں ہی بیٹسمین ہندوستان کو ایک بڑا اسکور فراہم کرسکتے تھے۔ ساؤتھی جنہوں نے اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کی ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنی بولنگ کی رفتار میں کمی پر فکر مند ہونا چھوڑ چکا ہوں کیونکہ اب میں اپنی صلاحیتوں پر انحصار کررہا ہوں ۔ ساؤتھی کے بموجب سوئنگ اب ان کی اصل صلاحیت ہے۔