ناگپور 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی جارہی ٹوئنٹی 20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کررہے روہت شرما نے تنقیدوں کی زد میں موجود وکٹ کیپر ریشپھ پنت کو اکیلا چھوڑ دیں کیوں کہ وہ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے تیار کی جانے والی منصوبہ بندی کو مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پنت جن کی بیاٹنگ کے دوران اسٹروکس کے انتخاب کے دوران غلطیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور کئی مواقع پر وکٹ دے کر جانے کے مزاج پر تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ راجکوٹ میں کھیلے گئے دوسرے مقابلہ کے دوران حریف بیٹسمن لیٹن داس کو جب انھوں نے اسٹمپنگ کیا تھا تو تھرڈ ایمپائر نے اسٹمپ کرنے سے پہلے اِن کے ہاتھ وکٹوں کے آگے ہونے کی بات کہی تھی۔ اِس معاملہ پر بہت زیادہ بحث ہوئی لیکن آج یہاں فیصلہ کن مقابلہ سے قبل منعقدہ پریس کانفرنس میں روہت شرما نے کہاکہ میں سب سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ریشپھ پنت کو کچھ وقت کے لئے اکیلا چھوڑ دیں۔ وہ ایک دلیر کرکٹر ہیں اور ٹیم انتظامیہ چاہتا ہے کہ انھیں مکمل اور آزادانہ طور پر کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا جائے۔ روہت کے بموجب پنت صرف 22 سالہ کھلاڑی ہیں اور انھیں بین الاقوامی کرکٹ کی سطح پر خود کو ثابت کرنے کے لئے کچھ وقت درکار ہے۔