پنت کو قیادت مزید بہتر کھلاڑی بنائیگی: پونٹنگ

   

ممبئی: دہلی کیپٹلس کے ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ نے کہا کہ رواں سیزن آئی پی ایل میں ٹیم کی قیادت سے رشبھ پنت کو کپتانی مزید بہتر کھلاڑی بنائے گی۔ دہلی کے مستقل کپتان شریاس ایئر کاندھے کے زخم کی وجہ سے آئی پی ایل سے باہر ہوچکے ہیں جس کے بعد پنت کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے اور وہ رواں سیزن ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پونٹنگ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے شریاس ٹورنمنٹ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں لیکن ہم پنت کی قیادت کے تعلق سے پرعزم ہیں اور وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ پونٹنگ نے مزید کہا کہ حالیہ شاندار مظاہروں کے بعد پنت قیادت کے مستحق ہیں۔ ایک اور انٹرویو میں پنت نے تیز رفتار بیٹنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوراج سنگھ کی طرح چھکے لگاسکتے ہیں ۔ یاد رہے پنت نے دورہ آسٹریلیا پر شاندار مظاہرے کرنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف گھریلو سیریز میں بھی بہترین مظاہرے کئے ہیں ۔