پنت کی دوسرے ونڈے میں شرکت پر سوالیہ نشان

   

Ferty9 Clinic

ممبئی۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وکٹ کیپر ریشبھ پنت ممبئی میں آسٹریلیا کے خلاف ونڈے کے دوران سر پر گیند لگنے کے بعد میچ سے دور ہوئے تھے اور اب وہ دوسرے ونڈے کیلئے راجکوٹ کا سفر ٹیم کے ساتھ نہیں کریں جبکہ دوسرے ونڈے میں انکی شرکت پر ہنوز سوالیہ نشان لگا ہوا ہے۔ ان کے سر پر پیٹ کمنس کی گیند لگی تھی جس کے بعد انہیں چکر آرہی تھی اور اس وجہ سے وہ آسٹریلیا کی اننگز کے دوران میدان پر نہیں آئے۔ کمنس کی گیند پر ریشبھ پنت ہندستانی اننگز کے 44 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ گیند ان کے بیٹ کا کنارہ لیکر ہیلمٹ پر جاکر لگی اور پھر ہوا میں چلی گئی جسے ایشٹن ٹرنر نے کیچ لیا۔ ریشبھ پنت کی فیلڈنگ کیلئے نہیں اترنے پر کے ایل راہول کو وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سنبھالنی پڑی۔ بی سی سی آئی نے بیان جاری کرکے بتایا کہ ریشبھ پنت ابھی نگرانی میں ہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے، ریشبھ پنت ابھی آبزرویشن میں ہیں۔ ماہرین سے صلاح لی گئی ہے اور اس حساب سے ان کے بارے میں نئی معلومات دی جائے گی۔ یاد رہے کہ سر پر گیند لگنے کے بعد پنت کو میدان پر فوراً علاج کی ضرورت نہیں پڑی تھی اور وہ خود سے اکیلے ہی ڈریسنگ روم چلے گئے تھے لیکن اننگز کے درمیان وقفہ دوران ان کی پریشانی کا پتہ چلا۔